دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کی ادبی فضاؤں میں ایک بار پھر مشاعرے کی روایت کو زندہ کیا گیا جب پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ایچ بی ایل اور شرف ایکسچینج کے تعاون سے اپلاز ادب مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشاعرہ اپلاز ادبکی جانب سے منعقدہ کارپوریٹ مشاعرے کا تیسرا ایڈیشن تھا، جو اپنے وقار اور ادبی شان و شوکت میں ہر بار پچھلی تقریبات کو پیچھے چھوڑ گیا۔ شام کو ملک اور بیرونِ ملک کے ممتاز شعراء کی شرکت نے یادگار بنا دیا، جن میں نووارد شعرا سے لے کر مشاعرے کے صدرانور شعور تک شامل تھے۔
نظامت کا فریضہ ممتاز شاعر اور مشاعرہ کنوینر منصور عثمانی نے ادا کیا جن کی شگفتہ گفتار نے حاضرین کو محو کر دیا۔ تقریب میں شریک دیگر معروف شعراء میں منظر بھوپالی، فرحت عباس شاہ، راجیش ریڈی، پاپولر میرٹھی، اقبال اشعر، ندیم بھابھا، محشر آفریدی، طارق قمر، فوزیہ رباب اور ظہیر مشتاق رانا نے اپنے کلام سے حاضرین کے دل موہ لیے۔
مشاعرے کی رونق دوبالا کرنے کے لیے ایچ بی ایل کے سربراہ برائے ترسیلات حکمت عملی خاقان محمد خان اور محمد مدثر ڈپٹی جنرل مینجر ہوم ریمی ٹینس بزنس گلوبل ایچ بی ایل اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ شرف ایکسچینج کے سی ای او عمادالملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپلاز ادب کے اس مشاعرے اور دیگر ادبی سرگرمیوں کے ذریعے ثقافتی اور ادبی رشتوں کو مضبوط کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ”گنگا-جمنی تہذیب” کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو برصغیر کی مختلف تہذیبوں کے حسین امتزاج کی نمائندہ ہے۔ اس شام کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ فرحت عباس شاہ کی کتاب ”شام کے بعد” کا دیوناگری رسم الخط میں اجرا کیا گیا، جس کا مقصد اردو ادب اور ان لوگوں کے درمیان فاصلے کو کم کرنا ہے جو اردو سے محبت تو کرتے ہیں مگر اردو رسم الخط سے ناواقف ہیں۔ اعجاز شاہین کو امارات میں اردو زبان کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ”محسنِ اردو” ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں تقریباً 1000 شائقین موجود تھے، جن میں نوجوان اور بزرگ دونوں شامل تھے۔ مشاعرہ رات 9 بجے شروع ہوا اور مسلسل پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ سامعین کا جوش و خروش ایک لمحے کے لیے بھی کم نہ ہوا، اور وہ پوری رات خوبصورت اور گہری شاعری پر داد دیتے رہے۔ تقریب کی میزبانی کا شرف ترنم احمد کو حاصل ہوا، جنہوں نے اپنی دلکش اندازِ بیان سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ڈائریکٹر محمد شبیر مرچنٹ،سلطان محمود،پاکستان ایجوکشن اکیڈمی کی پرنسپل شمائلہ احمد، بزنس وویمن اور چائے چائے کیفے کی اونر ڈاکٹر نورالصباح،پاکستان میڈیکل سینٹر کے ایڈمن ہیڈ ڈاکٹر نسیم صابر،معروف ماہر تعلیم مسز ثمینہ ناصر،شراف ایکسچینج کے زین الدین،میاں منیر ہانس،تابش زیدی،فرزانہ منصور اور دیگر نے شرکت کی۔