عجمان (جانب منزل نیوز) دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے ڈائریکٹر جنرل عجمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سلیم السویدی سے ملاقات کی۔ تجارت و سرمایہ کاری قونصلر علی زیب خان اور عجمان چیمبر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے انویسٹمنٹ ڈویلپمنٹ سیکٹر علی راشد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور امارات کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مینوفیکچرنگ انڈسٹری، زرعی مصنوعات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ سلیم السویدی نے بتایا کہ 2023 میں 4,194 پاکستانی تاجر عجمان چیمبر کے ممبر بنے، جو بنیادی طور پر ریٹیل، کنسٹرکشن، مینوفیکچرنگ اور مہمان نوازی کے شعبوں میں سرگرم ہیں۔
قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان میں ٹیکسٹائل، کپڑے اور زراعت سمیت اہم شعبوں پر روشنی ڈالی اور تجارت کو بڑھانے میں نمائشوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عجمان چیمبر کو آئندہ ماہ کراچی میں ہونے والی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔