دبئی (جانب منزل نیوز) ورلڈ میمن آرگنائزیشن مڈل ایسٹ چیپٹر کی 22ویں سالانہ جنرل میٹنگ 8 ستمبر کو دبئی کے پارک ریجس ہوٹل میں ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ سو سے زائد ممبران نے شرکت کی۔ ڈبلیو ایم او مڈل ایسٹ چیپٹر کے ریجنل صدر کامران غنی نے حاضرین کا خیرمقدم کیا اور چیپٹر کی حالیہ سرگرمیوں کا جامع جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے تنظیم کے مستقبل کے بارے میں اپنے وژن کو بھی شیئر کیا اور ممبران کو تنظیم کے ایونٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔سالانہ اجلاس میں ریجنل ٹریژرر غلام محمد اقبال کی طرف سے مالیاتی رپورٹ پیش کی گئی۔ سوال و جواب کے سیشن میں کامران غنی اور ریجنل سیکرٹری افضل اللہ رکھا نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔ گلوبل لیڈیز ونگ کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شبانہ عبدالرزاق نے گلوبل لیڈیز چیئر کے عالمی اہداف پر روشنی ڈالی۔ زینت یاسین ریجنل چیئر پرسن نے مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے وژن کا خاکہ پیش کیا۔گلوبل لیڈیز چیئر کی 2023 اور 2024 کی کارکردگی کی رپورٹس مدیحہ فرقان اور صوبیہ اصغر نے پیش کیں۔جی وائی ڈبلیو کے ریجنل وائس چیئرمین مڈل ایسٹ چیپٹر یاسر گدت کی طرف سے گلوبل یوتھ ونگ کا تعارف پیش کیا گیا۔انہوں نے جی وائی ڈبلیوکے وژن اور نوجوان ممبروں کو شامل کرنے کے منصوبوں کی وضاحت کی۔ اجلاس کا اختتام ڈبلیو ایم او کے ٹرسٹی اقبال داؤد پریانی کی رقت آمیز دعا کے ساتھ ہوا۔ حاضرین ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔