ناصر مغل متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی پروفیشنل فوٹوگرافر ہیں۔ انہوں نے فوٹو گرافی 2004 ء میں پاکستان سے شروع کی جہاں ان کا ایک سٹوڈیو بھی ہے۔ 2006 ء میں انہوں نے دبئی منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان میں اپنے پروفیشن میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد دبئی میں بھی اپنے شعبے میں نام کمایا۔ انہوں نے فری لانس لائسنس بھی حاصل کر رکھا ہے۔ ان کا کام نہ صرف پاکستان اور یو اے ای بلکہ دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔
2013 ء سے 2023 ء تک دس سال کے دوران انہیں 22 ایوارڈز مل چکے ہیں۔ 21 ایوارڈز انہوں نے دبئی میں جیتے جبکہ ایک ایوارڈ بیسٹ فوٹو گرافر کا انہیں نیویارک امریکا میں ملا۔ وہ ہر قسم کی فوٹوگرافی کرلیتے ہیں۔ فیشن شو ہو یا شادی کی تقریب،کارپوریٹ ایونٹ ہو یا فوڈ فوٹوگرافی، پروڈکٹ فوٹوگرافی ہو یا ماڈل شوٹ سب میں انہیں کمال حاصل ہے۔
ناصر مغل نے اپنے کیرئیر کے دوران متعدد موسیقاروں کے ساتھ کام کیا اور مشہور شخصیات کے یاد گار لمحات کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔ انہیں دبئی میں گزشتہ سال بہترین فوٹو گرافر کا ایوارڈ بھی ملا۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ فوٹوگرافر کی زندگی آسان ہے لیکن شاید انہیں نہیں پتا ایک فوٹوگرافر کی زندگی بہت مشکل ہوتی ہے۔ وہ اپنے ارد گرد لوگوں، مقامات، اشیا اور ایونٹس کی تصاویر لیتا ہے اور بہترین فوٹوگرافر ہوتا ہے جو تصاویر میں زندگی بھر دے۔ کوئی بھی فوٹو گرافر جب اچھے نتائج دے گا تو لامحالہ اس کا کلائنٹ اس سے خوش ہوگا۔ ناصر مغل نیویارک فیشن شو میں شرکت کے لیے 8 سے 11 ستمبر تک نیویارک جا رہے ہیں۔