راس الخیمہ (جانب منزل نیوز)باتھ سپا یونیورسٹی اکیڈمک سنٹر راس الخیمہ نے چھٹی گریجویشن تقریب کا اہتمام کیا۔ سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی، قونصل جنرل پاکستان حسین محمد، قونصل جنرل فلپائن مارفورڈ ایم اینجلس،اسکول کے پرنسپلز، کارپوریٹ اور کمیونٹی لیڈرز نے شرکت کی۔
یونیورسٹی کی سینئر انتظامیہ بشمول ڈاکٹر سو رگبی وائس چانسلر باتھ سپا یونیورسٹی برطانیہ، ڈاکٹر راجہ سجاد حسین چیف ایگزیکٹو آفیسر باتھ سپا یونیورسٹی اکیڈمک سنٹر راس الخیمہ، ڈاکٹر نینو سینئر نائب صدر اور ڈاکٹر ایم این بروہی کیمپس ڈائریکٹر نے فیصل نیاز ترمذی، حسین محمد اور مارفورڈ ایم اینجلس کا استقبال کیا۔ تقریب میں فلپائن، ہندوستان، پاکستان اور دیگر قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد گریجویٹس کو مختلف شعبوں جیسا کہ تخلیقی کمپیوٹنگ، سائیکالوجی، بزنس اور مینجمنٹ میں ڈگریاں اور میڈلز سے نوازا گیا۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی، مارفورڈ ایم اینجلس، ڈاکٹر سو رگبی وائس چانسلر باتھ سپا یونیورسٹی برطانیہ، اور ڈاکٹر راجہ سجاد حسین چیف ایگزیکٹو آفیسر باتھ سپا یونیورسٹی اکیڈمک سنٹر راس الخیمہ نے خطاب کیا۔ فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد دی اور ان کے کیریئر میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستانی سفیر اور فلپائنی قونصل جنرل نے متحدہ عرب امارات میں طلباء کو سستی تعلیم فراہم کرنے پر باتھ سپا یونیورسٹی کے تدریسی عملے اور قیادت کی محنت کو سراہا۔ فیصل نیاز ترمذی نے یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طلباء کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ پاکستان کی تعلیم، سیاحت اور متنوع ثقافت کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا جا سکے۔