پیرس (جانب منزل نیوز)پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔سفیر عاصم افتخار احمد نے سفارت خانہ میں قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین ، فرانسیسی دوست و احباب اور بچوں کی بڑی تعداد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
سفارت خانہ پاکستان، پیرس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ 14 اگست واقعی ایک پر مسرت دن ہے یہ قائداعظم اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے ، اپنے آباؤ اجداد اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے، اپنے شاندار ماضی اور دہائیوں کے دوران شاندار کامیابیوں کو جشن کے طور پر منانے کے لئے پوری قوم کو یکجا کرتا ہے۔
یہ درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنے اور بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ یوم آزادی پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے ان الفاظ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ” اگر ہم اس عظیم مملکت پاکستان کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو ہم پوری طرح سے صرف لوگوں خاص طور پر عوام اور غریبوں کی بہبود پر توجہ مرکوز کریں، معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کا قومی ترقی میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تشخص اور وقار کو برقرار رکھنے اور اسے فروغ دینے میں اجتماعی اور انفرادی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کے اولمپکس گولڈ میڈل کو سراہتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کس طرح ایک فرد کا کارنامہ قوم کے لیے بے پناہ خوشی اور فخر کا باعث بن سکتا ہے اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکتا ہے۔ سفیر عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ جب ہم اپنی آزادی کا جشن مناتے ہیں تو ہمیں اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو سات دہائیوں سے ناجائز قبضے اور جبر کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے لیے اپنی مکمل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ قریبی تعاون پر مبنی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرنے کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کا اہم کردار ہے۔ ہمیں ان کی محنت اور کامیابیوں پر فخر ہے اور وہ پاکستان کے حقیقی سفیر مانے جاتے ہیں۔سفیر نے نوٹ کیا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے اہم خدمات کے ساتھ اقوام عالم میں سربلند اور قابل فخر ہے۔ ہم، تمام پاکستانی، اندرون اور بیرون پاکستان ، اپنے ملک کی بھرپور خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں مہمان بچوں کے تیار کردہ ٹیبلو، قومی ترانوں اور روایتی پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔