اسلام آباد/قاہرہ (جانب منزل نیوز)پاکستانی سفارتخانہ قاہرہ میں 78 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، سفیر ساجد بلال نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔قاہرہ سے موصولہ اعلامیہ کے مطابق خصوصی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل سکول قاہرہ کے طالب علموں نے حاضرین کے سامنے قومی ترانے پر پرفارم کیا۔
سفیر ساجد بلال نے تقریب سے خطاب میں بانیان پاکستان کو تحریک آزادی کے دوران ان کی لاتعداد قربانیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور قائداعظم محمد علی جناح کی مثالی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے ،ملکی تاریخ کی سات دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران پاکستانی شہریوں نے جس عظیم صلاحیت کا مظاہرہ کیا اس کی تعریف کی۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام ایک ترقی پسند اور خوشحال ملک کی تعمیر کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔
ساجد بلال نے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے اور تمام مشکلات اور چیلنجز کے خلاف ثابت قدم رہنے کے لیے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی ہر فورم پر حمایت کا اعادہ کیا جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سفیر ساجد بلال نے پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے ہوتے سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاعی اور عوامی سطح پر روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اس سال باہمی سفارتی تعلقات کے قیام کی 76ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔