برسلز(جانب منزل نیوز)پاکستانی سفارتخانے برسلز میں بدھ کو پاکستان کا78واں یوم آزادی بھرپور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تقریب اس سلسلے میں ان متعدد سرگرمیوں کا حصہ تھی جن میں جذبہ آزادی، اتحاد اور پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثےکو اجاگر کیا۔تقریب کا آغاز یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے سفارت خانے کے احاطے میں قومی پرچم لہرانے سے کیا۔ قومی ترانہ بجایا گیا جس سے حاضرین میں فخر اور احترام کا گہرا احساس جاگزیں ہوا۔
اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ قیادت نے پاکستان کے بانیان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے ترقی پسند، پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سفیر آمنہ بلوچ نے اپنے خطاب میں قائداعظم اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی لازوال میراث کی عکاسی کرتے ہوئے یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے آج کی دنیا میں ان کے وژن کی پیروی پر زور دیتے ہوئے ایک مضبوط قوم کی تعمیر کے لیے اتحاد، محنت اور لگن کی ضرورت پر زور دیا ۔ سفیر نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون کو بھی سراہا اور یورپ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔ تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، سفارت خانے نے مینگو فیسٹیول کی میزبانی بھی کی جس میں آموں کی مختلف اقسام کی نمائش کی گئی۔ اس تقریب میں آم کی اقتصادی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ۔
فیسٹیول نے نہ صرف ملک کی آزادی کا جشن منانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا بلکہ ایک ثقافتی پل کا کام بھی کیا، جس سے پاکستان کی خوبصورتی کو بین الاقوامی سامعین تک پہنچایا گیا۔ یوم آزادی کی تقریب میں شرکاء کے متنوع گروپ نے شرکت کی جن میں بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، مقامی معززین، سفارت کاروں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ یہ جشن پاکستانی کمیونٹی کے اندر اتحاد اور ثقافتی تنوع کا حقیقی عکاس تھاجس میں خاندانوں، خواتین، بچوں اور طلباء کی بھرپور شرکت تھی۔
سرکاری تقریب کے بعد، حاضرین کو حلوہ پوری اور چنے پر مشتمل روایتی پاکستانی برنچ سے لطف اندوز کیا گیا برنچ نے بہت سے لوگوں کو گھر کا ذائقہ فراہم کیا اور اس دن کے ثقافتی تجربے کو مزید تقویت بخشی۔ تقریبات کے شرکاء نے اپنے وطن سے اپنی گہری محبت میں متحد ہوکر عالمی پاکستانی کمیونٹی کا حصہ ہونے پر اپنی خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ سمندر پار پاکستانیوں کے اندر مضبوط روابط کو فروغ دینے اور پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔