شارجہ (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں پاکستان پریس کلب برطانیہ کے صدر ارشد رچیال کے اعزاز میں یو اے ای میں مقیم معروف بزنس مین اور صحافی عبدالرحمان رضا کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں امارت میں مقیم صحافی برداری،بزنس کمیونٹی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی جبکہ پاکستان قونصلیٹ میں تعینات پریس قونصلر صالح محمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر صالح محمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا مہذب معاشرے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔یو اے ای میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے جشن آزادی کی مناسبت سے کئی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں لیکن کوئی ایسی ایکٹیوٹی نہ کی جائے جس کی وجہ کسی دوسری کمیونٹی کو تکلیف ہو۔
اس موقع پر پاکستان پریس کلب برطانیہ کے صدر ارشد رچیال کا کہنا تھا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی جس ملک میں بھی رہیں وہ مقامی قانون کا احترام کریں۔پاکستانی صحافی ملک کا مثبت چہرہ اجاگر کریں ۔پاکستان میں صحافیوں کے خلاف کوئی ایسا قانون نہیں آرہا ہے جس کی وجہ سے وہ صحافت نہ کرسکیں لیکن سوشل میڈیا کا استعمال کرنے والوں کو انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر پاکستان پریس کلب یوکے اور جرنلسٹ کمیونٹی یو اے ای کے درمیان مزید تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدر میاں منیر ہانس، پاکستان مسلم لیگ ن یو اے ای کے چیئرمین غلام مصطفی مغل،پاکستان مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ یو اے ای کے صدر عبدالمجید مغل،پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر چودھری خالد حسین، پاکستان سپر مارکیٹ گروپ کے چیئرمین حاجی یاسین،پی ایف یو جے کے صدر خالد ملک، سینئر صحافیوں سید مدثر خوشنود،سہیل خاورسمیت صحافی برادی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔