دبئی (جانب منزل نیوز)قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد اور کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں قاضی ظفر،حاجی ملک لال حسین،شہزاد خورشید،راجہ شجاعت نے یوم استحصال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدام کا مقصد کشمیری عوام کو ان کی شناخت سے محروم کرنا، خطے کی آبادی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا ہے۔ جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔
قونصل جنرل حسین محمد نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔تقریب پاکستان قونصلیٹ دبئی کے ڈپٹی قونصل جنرل رحیم اللہ وزیر،پریس قونصلر صالح محمد،کمرشل قونصلر علی زیب خاں،ویزا قونصلر نبیل راشد اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عمران شاہد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تصویر کشی کرنے والی خصوصی دستاویزی فلموں کی بھی نمائش کی گئی۔اس موقع صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جبکہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ویڈیو پیغام سنایا گیا جبکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تصویر کشی کرنے والی خصوصی دستاویزی فلموں کی بھی نمائش کی گئی۔