دبئی (جانب منزل نیوز)آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سنسنی خیز فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر17 سال بعد ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کر لیا۔
سنیچر کو کینسنگٹن اوول سٹیڈیم بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بنا سکی۔
اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے۔
انڈیا نے اس سے قبل 2007 میں پہلے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ صرف سات رنز پر گر گئی جب ریزا ہینڈرکس صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ون ڈاؤن آنے والے کپتان ایڈن مارکرم بھی ٹیم کے مجموعی سکور میں کوئی بڑا اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور صرف چار رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
ان کے بعد ٹرسٹن سٹبس نے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ نبھاتے ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور آگے بڑھایا۔
ٹرسٹن سٹبس ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 31 رنزبنا کر اکشر پٹیل کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔
وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی بال پر کلدیپ یادو کو کیچ دے بیٹھے۔
ہینری کلاسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی تیز ترین ففٹی بنا ڈالی، تاہم ان کی وکٹ گرنے کے بعد انڈین بولرز نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔
وہ 27 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد ہاردک پانڈیا کا شکار بنے، وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ان کا کیچ لیا۔ری کلاسن نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی تیز ترین
اس کے بعد مارکو یانیسن کریز پر آئے، تاہم وہ صرف دو رنز ہی بنانے کے بعد بمراہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ڈیوڈ ملر نے ٹیم کا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہاردک پانڈیا کی بال پر کلدیپ یادیو نے ان کا کیچ لیا۔
اس کے بعد کاگیسو ربادا چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کیشو مہاراج دو اور اینرک نوکیا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے تین، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جسپریت بمراہ کو شاندار بولنگ پر ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔