اسلام آباد (جانب منزل نیوز) پاکستان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے لیے اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس کے فضائی سفر پر ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا، نئے ٹیکسز کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
قومی اسمبلی میں منظور کیے گئے بجٹ کے مطابق پاکستان سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک جانے والے اکانومی اور اکانومی پلس کے کرایوں میں 12500 روپے تک ٹیکس دینا ہوگا۔
فرسٹ کلاس اور بزنس کیٹیگری کے مسافر اب 75 ہزار روپے کے بجائے ایک لاکھ پانچ ہزار روپے ٹیکس ادا کریں گے۔ اسی طرح امریکہ اور کینیڈا کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو تین لاکھ 50 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اس سے قبل مسافروں کو ڈھائی لاکھ روپے ادا کرنا ہوتے تھے۔
بجٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یورپ کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو دو لاکھ دس ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا اس سے قبل ان مسافروں کو ڈیڑھ لاکھ روپے ٹیکس ادا کرنا پڑتا تھا۔
چین، انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا سفر کرنے والے اب ڈیڑھ لاکھ روپے کے بجائے دو لاکھ دس ہزار روپے ٹیکس ادا کرکے ٹکٹ خریدیں گے۔
انڈیا اور افغانستان سمیت دیگر آسیان ممالک کے حوالے سے نئے ٹیکسز کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی جانب سے نئے ٹیکسز کا اطلاق اکانومی، اکانومی پلس سمیت بزنس کلاس اور فرسٹ کلاس کے ٹکٹ پر بھی ہوگا۔