پاکستانیوں میں مقامی قوانین بارے شعور اجاگر کریں گے ، سیدسلیم اختر، قونصل جنرل پاکستان حسن افضل خان کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی
پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وہ نہ صرف ان کے مسائل کو حل کرنے میں پیش پیش ہے بلکہ اس میں مختلف امور سے متعلق شعور بھی اجاگر کر رہی ہے۔ پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل یو اے ای کے چیئرمین سید سلیم اختر کی قیادت میں ایک وفد نے گزشتہ دنوں دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل حسن افضل خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل ابو ظہبی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن آصف زمان اور اے آر وائی کے چیئرمین حاجی محمد اقبال بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں میں مقامی قوانین بارے شعور اجاگر کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اس ضمن میں پاکستان قونصل خانہ دبئی پاکستان اوورسیز گلوبل کی مکمل معاونت کرے گا۔ ملاقات میں ٹک ٹاکر فہد اسد، زین شاہ، شہروز اور دیگر بھی موجود تھے اور اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں گے اور اپنے پلیٹ فارم سے اس پر کام کریں گے۔ سید سلیم اختر اور آصف زمان نے تعاون پر ٹک ٹاکرز کا شکریہ ادا کیا۔