دبئی (جانب منزل نیوز) بزم اردو دبئی کی پانچویں ماہانہ بیٹھک العویر کے فارم ہاؤس میں منعقد کی گئی ۔تقریب میں بزم اردو کی ذیلی شاخ ”بازیچہ اطفال“ کے زیر انتظام صائمہ نقوی نے ”اتحاد کے رنگ اردو کے سنگ“ کے عنوان سے امارات اور اردو کے حسین امتزاج کا خوبصورت رنگ پیش کیا۔
تقریب کا آغاز صائمہ نقوی نے خوبصورت شعر سے کیا۔ ترنم احمد نے اتحاد اور اردو پر گفتگو کی۔ تقریب میں شریک بچوں کی طرف سے نظمیں پیش اور تقاریر کی گئیں۔ عیشال زینب نے ”زاید سرزمین پہ ہمیشہ رہے بہار“، ازمیر رسول نے نظم ”ارض امارات“ پیش کی۔ عافیہ خان اور اقرا فضیلت نے تقاریر سے شرکا کو محظوظ کیا۔
محمد اشعد علی نے شیخ زاید بن سلطان النہیان کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔ بزم اردو کے محمد سلیم نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ سید سروش آصف، احیا بھوجپوری ، اور شاداب الفت نے بچوں کو سرٹیفکیٹ دیے۔