لاہور : وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے چیئرمین تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اگر مگر چھوڑیں اسمبلیاں تحلیل کریں، پنجاب میں انہیں بھرپور شکست دیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان میں نے آپ کا انتظار کیا لیکن آپ اسلام آباد میں جلسہ کرنے نہیں آئے اور راولپنڈی سے چلے گئے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ میرا چیلنج قبول کریں اگر مگر چھوڑیں اور اسمبلی تحلیل کریں، اگلے الیکشن کو چھوڑیں اسی میں فیصلہ ہو جائے گا اور آپ کو پنجاب میں بھرپور شکست سے دوچار کریں گے جہاں آپ کو چھپنے کے لیے بھی جگہ نہیں ملے گی۔
قبل ازیں لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ عمران خان کو پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہم مقابلہ کرنے اور انتخابات کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کچھ فیصلے کیے ہیں اور ان پر عمل درآمد کرنے کے لیے آج اجلاس ہوگا۔ پارٹی قائد کی وطن واپسی پنجاب میں انتخابات کے نتائج کا تعین کرے گی اور پیش گوئی کی کہ تحریک انصاف کو شکست ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند ہیں اور اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے حق میں ہیں مگر تحریک انصاف کی دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ پارٹی نے پنجاب کی 9 ڈویژن کو تین میں تقسیم کیا ہے جبکہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کرکے دو ہفتوں کے اندر ہر حلقے میں دو امیدوار نامزد کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی قائد کا استقبال انتخابات کی قسمت بھی طے کرے گا اور جب انتخابات کا اعلان ہوگا تو نواز شریف پنجاب کے انتخابات میں پارٹی کی قیادت کرنے کے لیے واپس آئیں گے۔ عام انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے مگر ایک دو اسمبلیاں تحلیل کی جاتی ہیں تو صوبائی انتخابات 90 دن کے اندر ہوں گے۔