دوحہ (جانب منزل نیوز) صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے پیر کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے برادرانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
دوحہ میں امیری دیوان میں ہونے والی یہ ملاقات دوطرفہ باضابطہ مذاکرات کا حصہ تھی۔ قطر کے امیر نے عزت مآب شیخ محمدکا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں متحدہ عرب امارات کے 51 ویں قومی دن کی مبارکباد دی اور اس خواہش کااظہارکیا کہ یو اے ای اور اس کے عوام عزت مآب شیخ محمد کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کا سلسلہ جاری رکھیں۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس دورے سے متحدہ عرب امارات اور قطر کے تعاون کو تقویت اور اس کے افق کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ صدر عزت مآب شیخ محمد نے شیخ تمیم اور قطری عوام کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد پر دوبارہ مبارکباد دی اور اسے خلیج تعاون کونسل کے تمام ممالک اور بالعموم عرب دنیا کے لیے باعث فخر قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کےاس بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی میں قطر کی کامیابی جی سی سی ممالک اور عرب دنیا کے لوگوں کی شاندار کارکردگی اور استعداد کے ساتھ عالمی مقابلوں کے انعقاد کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صدرعزت مآب نے اپنے اور متحدہ عرب امارات کے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر قطری امیر کا شکریہ ادا کیا اور ستائش کااظہار کیا۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور قطر کے تعلقات اور دونوں ممالک میں خوشحالی کو فروغ دینے اور اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبوں میں مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے تعاون کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
صدر عزت مآب شیخ محمد اور عزت مآب شیخ تمیم نے دونوں ممالک کے عوام کے مفادات اور مزید ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جی سی سی مشترکہ ورک ایکو سسٹم کو بہتر بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔