دبئی (جانب منزل نیوز) دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) نے فیفا ورلڈ کپ قطر2022 کے لیے دوحہ جانے والے ”هيا کارڈ ہولڈرز” کے لیے پہلا 90 دن کا ملٹی انٹری ٹورسٹ ویزا جاری کیا ہے۔ اردن سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے مداح محمد جلال ویزا حاصل کرنے والے پہلے شخص تھے۔
یہ اقدام فیفا ورلڈ کپ 2022 کے انعقاد کے لیے قطر کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کے فریم ورک کے تحت اٹھایا گیا ہے جس کے ذریعے ایونٹ میں آنے والے مہمانوں کی میزبانی کرتے ہوئے انہیں اس کی میعاد کے دوران متعدد بار متحدہ عرب امارات میں داخل اور جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا کہ 21 نومبر سے 18 دسمبر 2022 تک ورلڈ کپ کے دوران قطر میں فیفا ورلڈ کپ دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے 14لاکھ شائقین کی آمد متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی آر ایف اے نے فٹ بال کے شائقین اور دبئی میں نئے سال کی تقریبات سے لطف اندوز ہونے کے خواہشمندوں کے لیے بے مثال خدمات کا پیکج فراہم کرنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات آنے والے شائقین آمد سے پہلے اپنے ویزا حاصل کر سکتے ہیں اور میچز دیکھنے کے لیے دبئی اور دوحہ کے درمیان دن میں کئی بارآجاسکتے ہیں۔