ابو ظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات کا جدید ڈیزائن اور حفاظتی خصوصیات کا حامل 1000 درہم کا نیانوٹ جاری کردیا گیا۔ یو اے ای کی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر مرکزی بینک نے پولیمر سے بنا جدید ڈیزائن اور اعلیٰ درجے کی حفاظتی خصوصیات کا حامل 1000درہم مالیت کا ایک نیا بینک نوٹ جاری کیا ہے۔ قومی کرنسی پراجیکٹ کے تیسرے اجرا میں 1000 درہم کا چوتھا نمبر ہے۔
نئے نوٹ کے ڈیزائن میں ثقافتی اور ترقیاتی علامتوں کی تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے ملک کی نمایاں عالمی کامیابیوں کی عکاسی اور اتحاد کے جذبے اور متحدہ عرب امارات کی کامیابی کی کہانی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نئے نوٹ کے سامنے والے حصے میں مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی تصویر خلائی شٹل کے ماڈل کے ساتھ دکھائی گئی ہے۔ اس ڈیزائن کو 1976 میں امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے حکام کے ساتھ مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی ملاقات کے تناظر میں بنایا گیا ہے۔ بانی رہنما متحدہ عرب امارات کی اس خواہش کی تکمیل 2021 میں امارات مریخ مشن “ہوپ پروب” کے سفر میں حاصل کی گئی تھی اور اسے بینک نوٹ کے اوپر بائیں جانب “ایمریٹس مشن ٹو ایکسپلور مارس۔دی ہوپ پروب” کے عنوان سے نئے نوٹ میں لگایا گیا ہے۔ اس میں مرحوم شیخ زاید کی تصویر، خلائی سائنس اور صنعت میں متحدہ عرب امارات کی منفرد عالمی پوزیشن کو ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ خواب خلا میں پہلے اماراتی خلاباز کی آمد کو ظاہر کرنے کے لیے ایک حفاظتی نشان کے طور پر شامل کیے گئے ایک خلاباز کی تصویر میں بھی جھلکتا ہے جو بینک نوٹ کے دونوں جانب ظاہر ہوتا ہے۔
مرکزی بینک نے متحدہ عرب امارات کی ایک اور عالمی کامیابی پر توجہ مرکوز کرانے کے لیے نئے نوٹ کے پچھلے حصے میں ابوظہبی میں براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کی تصویر لگائی گئی ہے۔ یہ پلانٹ ملک میں توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے، کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مزید آگے بڑھنے کے قابل بنائے گا۔
ایک ہزار درہم کا نیا نوٹ قابل تجدید پولیمر مواد کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ یہ روایتی کاغذی بینک نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتے ہیں جو گردش میں دو سے زیادہ گنا دیر تک چلتے ہیں۔ اس نئے بینک نوٹ کے ڈیزائن میں بھورے رنگ کے مختلف شیڈز کے ساتھ مخصوص جمالیاتی خصوصیات شامل ہیں۔ مرکزی بنک نے اسی مالیت کے بینک نوٹ کی رنگین خصوصیات کو محفوظ کیا جو اس وقت گردش میں ہیں تاکہ عوام کے لیے شناخت کرنا آسان ہو۔ نیا نوٹ 2023 کی پہلی ششماہی میں سنٹرل بینک کی شاخوں اور اے ٹی ایم میں دستیاب ہوگا۔ موجودہ 1000 درہم کا نوٹ گردش میں رہے گا۔ مرکزی بنک کے گورنر خالد محمد بلامہ نے کہاکہ نئے 1000 درہم کے نوٹ کا اجرا متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے وژن کے تحت کیا گیا ہے تاکہ ہمارے ملک کی جامع ترقی کو جاری رکھا جا سکے۔