دبئی (جانب منزل نیوز)سپر فکس گروپ کے چئیرمین نوید احمد نے اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کے دبئی میں رکن شبیر اعوان کے ہمراہ قونصل جنرل پاکستان حسن افضل خاں سے ملاقات کی اور انہیں 19اور20 نومبر کو ہونے والے سپر فکس ٹیپ بال کرکٹ چمپئن شپ میں بطور مہماں خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ انہیں انٹرنیشنل ٹیپ بال کرکٹ چمپئن شپ کی تیاریوں سے آگاہ بھی کیا گیا۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں سپرفکس گروپ کے تعاون سے انٹرنیشنل ٹیپ بال کرکٹ چمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، عمان، یواے ای اور سعودی عرب کے کرکٹرز شرکت کریں گے۔ میچ دیکھنے آنے والے شائقین کرکٹ کو عمرہ کے ٹکٹ کے ساتھ قیمتی انعامات بھی دیے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
سپرفکس گروپ کے چئیرمین نوید احمد اور ٹیبپ بال کرکٹ چیمپئن شپ کے وائس چیئرمین خاور الطاف نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ چھ ٹیموں پر مشتمل اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو دن شاندار مقابلے ہوں گے اورکرکٹ کے شوقین افراد کیلئے خوشخبری ہے کہ میچوں میں پبلک انٹری فری ہوگی جبکہ ابوظہبی اور العین سے شارجہ اسٹیڈیم کے لئے فری بس شٹل سروس مہیا کی جائے گی۔یہ ٹیپ بال کا منفرد کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا۔ کرکٹرز کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہم نے شائقین کی انجوائے منٹ کے لیے بھی انتظامات کیے ہیں۔
پریس کانفرنس میں ڈسکور پاکستان کے ڈائریکٹر آپریشن طارق چودھری، معروف پاکستانی شخصیات یاسر صدیق،سجاد عباسی،شبیر اعوان،عمر مجیشن،محمد ندیم اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہفت روز جانب منزل اس منفرد ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا میڈیا پارٹنر ہے۔