چک جھمرہ (جانب منزل نیوز)حافظ آباد میں کامیاب ورکرز کنونشن سے گھبرا کر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمے کا اندراج گھٹیا عمل اور اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ ہے جو پی ٹی آئی نے عرصہ دراز سے شروع کر رکھا ہے۔ مسلم لیگی قائدین اور ورکرز ان اوچھے ہتھکنڈوں اور انتقامی کاروائیوں سے نہ ماضی میں گھبرائے تھے نہ اب گھبرائیں گے۔پی ٹی آئی حکومت کے مظالم کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے اور ضلعی جنرل سیکرٹری آزاد علی تبسم نے حافظ آباد میں مسلم لیگی رہنماؤں عطا اللہ تارڑ، سائرہ افضل تارڑ، محمّد بخش تارڑ، قمر زمان کھرل اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی کے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ کے اندراج پر کیا۔
آزاد علی تبسم نے کہا کہ ایسے گھٹیا حربے انتقامی کاروائیوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے سچ کو دبایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی کارکنوں کے حوصلے پست کیے جاسکتے ہیں۔ قائدین اور کارکنان ان گھٹیا انتقامی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے قمر زمان کھرل کی رہائی اور قائدین کے خلاف درج مقدمے کو فوری خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔