دبئی (جانب منزل نیوز) سندھ فرینڈز فورم دبئی کی جانب سے سماجی شخصیت ڈاکٹر برکت نوناری کے اعزاز میں عشائیہ تقریب منعقد کی گئی۔ دبئی کے ریستوران میں منعقدہ تقریب میں کمپیئرنگ کے فرائض اختر شیخ جبکہ آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ فورم آرگنائزر انجینئر پدم ویر اور فہد ابڑو نے ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ فرینڈز فورم کے کنوینئر بشیر آریسر نے کہا کہ ڈاکٹر برکت نوناری اپنی قوم اور وطن سے بے لوث محبت کرنے والی شخصیت ہیں جنہوں نے بدین، کاچھو، سپریو بند سے لے کر سانگھڑ تک کے دشوار اور کٹھن راستوں کو عبور کرتے ہنگامی بنیاد پر اپنی ٹیم کے ساتھ لوگوں کی خوراک، ادویات سمیت ہر ممکن طبی خدمت فرض سمجھ کر کی ہے۔
تقریب میں متحدہ عرب امارات کی سماجی شخصیات اللہ نواز میمن، ڈاکٹر مجیب میمن، انجینئر فہد نظامانی، منصور لغاری، دیدار کلہوڑو اور اللہ بخش کلہوڑو سمیت متعدد لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب میں صحافیوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، سارنگ، اسحاق سومرو اور مجیب میرانی سمیت مختلف نشر و اشاعت کے اداروں سے وابستہ صحافیوں نے ڈاکٹر نوناری کی خدمت کا اعتراف کیا۔ ڈاکٹر برکت نوناری کو اعزازی شیلڈ پیش کرنے کے ساتھ اجرک بھی پہنائی گئی جبکہ فورم آرگنائزرز چتر ویر، عامر تالپور، صابر اور سراج شیخ نے تقریب کے انتظام سنبھالے۔