دبئی(جانب منزل نیوز) یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے دیرہ دبئی میں اپنی سب سے پرانی شاخ کو تزئین و آرائش اور اسے جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کے بعد دوبارہ کھول دیا ہے۔ دبئی کے قدیم مرشد بازار میں الکبیر اسٹریٹ کے ساتھ واقع اس برانچ کا افتتاح پاکستان کے قونصل جنرل برائے دبئی حسن افضل خان اور بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد دادا نے دیگر بینک افسران اور صارفین کے ساتھ کیا۔
اس موقع پر یوبی ایل کے یواے ای میں ہیڈ آف ریٹیل بینکنگ ملک عمران یونس اور برانچ کے جنرل منیجر زاہد حسین بھی موجود تھے۔ شہزاد دادا نے کہا کہ صارفین کو فراہم کی جانے والی جدید ترین سہولیات سے بینک کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ صارفین کا یوبی ایل کی موجودہ برانچ کے ساتھ 50 سال سے زیادہ کا تعلق ہے جو کہ بہترین سہولیات کی فراہمی سے ہی قائم کیا جا سکتا ہے۔ قونصل جنرل پاکستان نے کہا کہ بینک کئی دہائیوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زرمبادلہ کی ترسیل کا آسان، تیز ترین اور قانونی طریقہ فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بینک برانچ کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کے بعد اپنے گاہکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دے گا کیونکہ سیکڑوں پاکستانی دیرہ دبئی میں کام کر رہے ہیں۔ افتتاح کے بعد مہمانوں کو برانچ کا دورہ بھی کرایا گیا۔