کراچی (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات سید امین الحق نے وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اگر وزیر نہیں رہوں گا تو آپ بھی وزیر نہیں رہیں گے۔
کراچی میں وفاقی وزیر امین الحق نے آئی ٹی پارک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو ریلیف دینا ہوگا، اسحٰق ڈار سے کہتا ہوں کہ اپنے رویے میں تبدیلی لے کر آئیں۔
انہوں کہا کہ بطور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ویر خزانہ اسحٰق ڈار سے ادب کے ساتھ کہتا ہوں کہ آپ اپنے رویے کو درست کریں، آپ اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لے کر آئیں، میں آئی ٹی صنعت اور اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیر خزانہ اپنے رویے میں مثبت تبدیلی نہیں لائیں گے تو میری بات غور سے سن لیں، میں اگر وزیر نہیں رہوں گا تو آپ بھی وزیر نہیں رہیں گے، میرا مطلب آپ سمجھ رہے ہیں، آپ کو میرے آئی ٹی کے لوگوں کو ریلیف دینا ہوگا، آپ کو ٹیلی کام انڈسٹری کے لوگوں کو سہولیات دینی ہوں گی۔
امین الحق نے اسحٰق ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے ہم آپ کے پاس تجاویز و سفارشات لے کر آرہے ہیں اور کیونکہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ آپ ان پر عمل کریں گے، ہٹ دھرمی نہیں چلے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے آئی ٹی انڈسٹری کی جانب سے اس صنعت کی گرتی ہوئی برآمدات کو سہارا دینے کے لیے سروسز پر عائد معمولی ٹیکس میں چھوٹ کے مطالبے کو مسترد کردیا تھا اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ اس شعبے پر ٹیکس کی موثر شرح تقریباً 0.25 فیصد ہے جو کہ برائے نام، نہ ہونے کے برابر اور انتہائی معمولی ہے۔