لاہور (جانب منزل نیوز) عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ میں تبدیلی سے تحریکِ انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی لاعلم نظر آئے۔
پیر کو ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ کل یعنی منگل کو لانگ مارچ وہیں سے شروع ہو گا جہاں حملہ ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ کل ایک بجے فائرنگ کے مقام پر جمع ہوں گے جہاں سے مارچ کا آغاز ہو گا۔
تاہم عمران خان نے جہاں لانگ مارچ کے دوبارہ آغاز کے موقع پر قافلے کی قیادت کے لیے شاہ محمود قریشی کے نام کا اعلان کیا وہیں یہ بھی کہا کہ اب یہ مارچ منگل کی بجائے بدھ کی دوپہر شروع ہو گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس موقع پر عمران خان پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے پی ٹی آئی کارکن کے خاندان سے اظہارِ یکجہتی کی جائے گی۔
اُنھوں نے کہا کہ اُنھیں پی ڈی ایم کی قیادت کا بیان سن کر افسوس ہوا کہ یہ پورا معاملہ ڈرامہ ہے۔