ابوظہبی (جانب منزل نیوز) فیصل نیاز ترمذی کو متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ پاکستانی سفارتخانے کے بیان کے مطابق فیصل ترمذی نے اپنی سفارتی اسناد اماراتی وزارت خارجہ میں قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری فار پروٹوکول افیئرز عبداللہ محمد البلوکی کو پیش کیں۔
فیصل نیازترمذی اس سے قبل کرغزستان میں سفیر کی حیثیت سے، شکاگو میں قونصل جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ترکمانستان، اقوام متحدہ (جنیوا) اور ابو ظہبی میں بھی سفارتی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی وزارت خارجہ اسلام آباد میں وہ کثیر الجہتی، قونصلر اور انتظامی امور سنبھالتے تھے۔ یو اے ای میں اپنی تعیناتی سے قبل وہ ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمنسٹریشن تھے۔ وہ ڈی جی کشمیر، ڈائریکٹر فارن سیکرٹری آفس، ڈائریکٹر پرسنل اور ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کے ساتھ انڈیا، افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کے ڈیسک آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے پوسٹ گریجویٹ ہیں اور یونیورسٹی آف لندن سے بھی تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔