گجرات : بھارت کی ریاست گجرات کے علاقے موربی میں دریا پر بنا تاریخی پل گرنے سے اب تک کم از کم 141 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔تقریباً ایک صدی پرانے اس پل کو حال ہی میں مرمت کے بعد عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔
گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سنگھ سانگھوی نے کہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 141 ہو گئی ہے۔ راجکوٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ موہن بھائی کلیان جی کنڈاریا نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد اب بھی کم ہے لیکن پانی میں ڈوبے ہوئے لوگوں کی تلاش کا کام جاری ہے۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے خدشہ ظاہر کیا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر بچے ہو سکتے ہیں۔ کنڈاریا کا کہنا ہے کہ 15 منٹ میں 50 سے زیادہ ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔ موربی کے ضلع کلکٹر کا کہنا ہے کہ رات تک 170 لوگوں کو بچایا جا چکا تھا۔