ممبئی (جانب منزل ) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ ان کی ساسو ماں ان کی ڈائٹنگ میں مدد کرتے ہوئے ان کے لیے سویٹ پوٹیٹوز یعنی شکر قندی بناتی ہیں۔
مشہور ٹی وی شو ’کپل شرما شو‘ میں بات کرتے ہوئے کترینہ نے کہا کہ ’پہلے ممی جی مجھے پراٹھے کھلانے کی ضد کیا کرتی تھیں لیکن چونکہ اب وہ جان چکی ہیں کہ میں پابندی سے ڈائٹنگ کرتی ہیں اس لیے اب وہ میرے لیے صحت مند کھانا بناتی ہیں۔کترینہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ساس پیار سے انھیں ’کِٹو‘ پکارتی ہیں۔
کترینہ کا کہنا ہے کہ انھیں وکی کوشل کے بارے میں سب سے زیادہ جو اچھی بات لگی وہ اپنے گھر والوں خاص طور پر اپنے والدین اور بھائی کے ساتھ ان کا رویہ تھا حالانکہ کچھ چیزیں قدامت پسند بھی تھیں لیکن ’مجھے یہ احساس ہوا کہ وکی جو وفاداری، احترام اور محبت اپنے عزیزوں کے لیے رکھتے ہیں ان کا ویسا ہی رویہ شادی کے بعد اپنے بیوی بچوں کے ساتھ بھی ہو گا۔‘
کترینہ کیف آج کل اپنی فلم ’فون بھوت‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ ایشان کھٹر اور سدھانت چترویدی اہم کردار میں ہیں۔
یہ فلم چار نومبر کو ریلیز ہونے والی ہے اور اسی سلسلے میں وہ اپنے پرانے دوست سلمان خان کے شو بگ باس پر بھی گئی تھیں جہاں انھوں نے مشہور گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ پر سلمان کو ڈانس کرنا سکھایا۔