دبئی (جانب منزل نیوز) پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا ہے کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کا ادارہ ہے جو حکومت دبئی کے محکمہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے رولز اینڈ ریگولیشنز کے تحت اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں شہریوں کو مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن سے ہزاروں لوگ استفادہ کرتے ہیں۔ نا صرف یو اے ای میں مقیم لوگوں کے لئے بلکہ پاکستان ایسوسی ایشن کی سروسز کا دائرہ کار پاکستان تک پھیل گیا ہے۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کو بھرپور امداد پہنچائی گئی ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
وہ پاکستان سے آئے (سوشل سائنٹسٹ) عبدالشکور مرزا سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ پیڈ میں قائم پی ایم سی سے پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے لوگ بھی استفادہ کر رہے ہیں۔ پی ایم سی میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تجربہ کارڈاکٹرز موجود ہوتے ہیں جو انتہائی قلیل فیس کے عوض مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ فارمیسی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پی ایم سی سے باہرجانا پڑتا تھا لیکن اب ادویات بھی یہیں سے مل جایا کریں گی۔
ڈاکٹر فیصل اکرام نے مزید بتایاکہ یہاں پاکستان آڈیٹوریم بنایا گیا ہے جہاں ہر سال متعدد تقریبات ہوتی ہیں جبکہ پیڈ میں، جم، لائبریری، سپورٹس کمپلیکس، کانفرنس ہالز، ہسپتال، کینٹین، دستکاری مصنوعات، بچوں کے لئے پلیئنگ ایریا اور دیگر متعدد سہولیات ہیں ۔
عبدالشکورمرزا نے کہا کہ پاکستان سے ہزاروں میل دوردبئی میں پاکستان ایسوسی ایشن واقعی دوسرا پاکستان ہے جہاں آ کر وطن سے دوری کا احساس ہی نہیں ہوتا۔ یہاں پاکستان کے کلچر کو اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ پاکستان ایسوسی ایشن اورپاکستان میڈیکل سینٹرکی خوبصورت عمارت جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنائی گئی ہیں۔ انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔