دبئی (جانب منزل نیوز) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں کشمیریوں پر مظالم کے خلاف یوم سیاہ حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کشمیری اورپاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قونصل جنرل پاکستان حسن افضل خان نے صدارت کی ۔یوم سیاہ کشمیرکے حوالے سے صدرمملکت پاکستان اوروزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔شرکاء سے کشمیری رہنماؤں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے خطاب کیا۔
مقررین نے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ آزادی کے حصول کیلئے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت اخلاقی اورقانونی طورپرکشمیری عوام کوان کا حق خود ارادیت دینے کا پابند ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کشمیرتنازع کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھرپورکرداراداکرے۔
قونصل جنرل حسن افضل خان نے کہاکہ یہ دن1947سے کشمیری عوام کی مرضی کیخلاف سری نگرمیں اپنی فوج اتار کرجموں وکشمیرپرزبردستی قبضہ کرنے کی بھارتی غیرقانونی اورغیراخلاقی حرکت کے طورپرمنایا جاتاہے ۔ انہوں نے عالمی برادری،انسانی حقوق کی تنظیموں،بین الاقوامی میڈیا اورسول سوسائٹی سے مطالبہ کیاکہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار اورنہتے کشمیریوں پرظلم وجبر کیخلاف آواز اٹھائیں۔
قونصل جنرل حسن افضل خان نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی سیاسی،اخلاقی اورسفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ دہائیوں پرانے مسئلہ کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپناکرداراداکریں۔
تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں کشمیرمیں بھارتی سیکورٹی فورسزکی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی ۔ قابض بھارتی فورسزکی ظلم وبربریت پرمبنی تصاویری نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا۔ کشمیری شہداء کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔