میلبرن (جانب منزل نیوز)آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ میں بڑا اَپ سیٹ ہوا ہے اور آئرلینڈ نے ایونٹ جیتنے کے لیے فیورٹ تصور کی جانے والی انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے دی ہے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سپر 12مرحلے کے 8ویں میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن بارش کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا۔ آئرلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو دو اوورز بعد ہی بارش نے پھر مداخلت کردی جس کے باعث اننگز کچھ دیر تاخیر کا شکار ہوئی۔ اننگز کا دورہ آغاز ہوا تو پال اسٹرلنگ 14 رنز بنانے کے بعد مارک وُڈ کی وکٹ بن گئے۔
کپتان اینڈی بلبرائن کا ساتھ دینے لورکان ٹکر آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی ساجھے داری قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب لورکان 34 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جبکہ اسکور میں بغیر کسی اضافے نئے بلے باز ہیری ٹیکٹر بھی چل دیے۔ کپتان اینڈی بلبرائن نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی لیکن لیونگسٹن نے انہیں چلتا کرنے کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر جیارج ڈوکریل کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔اس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انہیں ابتدا ہی یکے بعد دیگرے دو دھچکے لگے اور جوش لٹل نے انگلینڈ کے دونوں اوپنرز کو 14 رنز پر چلتا کردیا۔ آئرش باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب انگلینڈ کے بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور ابھی اسکور 29 تک ہی پہنچا تھا کہ بین اسٹوکس بھی صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے ہیری بروک آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 67 تک پہنچایا، اس مرحلے پر بروک کی 18 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔نئے بلے باز معین علی نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا لیکن دوسرے اینڈ سے ملان مستقل جدوجہد کرتے رہے اور بالآخر 37 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
معین نے 12 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کو سکور 105 تک پہنچا تھا کہ بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی اور تیز بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔اس طرح آئرلینڈ کو 5 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
جب میچ رکا تو انگلینڈ نے 14.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تھے لیکن ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ان کا اسکور 110 ہونا چاہیے۔
اس طرح آئرلینڈ نے میچ میں پانچ رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ بھی کردیا۔