برسلز (جانب منزل نیوز) یوکرین جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران سے نمٹنے پر یورپی رہنماؤں نے اتفاق کرلیا ہے جبکہ قیمتوں کا تعین کرنے کے حوالے سے کئی ممالک میں اختلاف ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کے 27 ممالک کے رہنما برسلز میں اکٹھے ہوئے جس کا مقصد توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی ممالک کے درمیان اختلافات کو کم کرنا تھا۔
جمعے کو اجلاس کے آخری دن قیمتوں کے حد کے تعین کے حوالے سے اختلاف رائے ختم نہیں ہو سکا۔
یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے کہا ہے کہ یورپی رہنماؤں نے قیمتوں میں کمی کرنے اور رسد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
یورپی کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں یورپ میں توانائی کا بحران، یوکرین پر روس کا حملہ اور معاشی معاملات شامل تھے۔
یورپ کے توانائی کے وزرا اگلے ہفتے ملاقات کریں اور توانائی سے متعلق یورپی رہنماؤں کے طے شدہ نکات پر مزید تبادلہ خیال کریں گے۔
روس نے یورپی یونین کے 13 رکن ممالک کو قدرتی گیس کی سپلائی یا تو کم کر دی ہے اور یا اس کو منقطع کر دیا ہے۔ روس کی جانب سے یہ اقدام یورپی حکومتوں کی جانب سے یوکرین کی حمایت کے بعد سامنے آیا ہے۔