اسلام آباد (جانب منزل نیوز)قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ روز گار کے مواقع بڑھانے کے لئے حکومت کی جانب سے نئی صنعتوں کے قیام اور میڈان پاکستان کے تصور کے فروغ کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔
یہ بات صنعتوں اورپیداوار کے وزیر سید مرتضی محمود نے وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب میں کہی انہوں نے ایوان کو بتایا کہ موبائل ڈیوائس کی پیداوار کی پالیسی کے تحت موبائل فون تیار کرنے والے تیس اداروں کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں جس کے تحت مقامی سطح پر موبائل فون تیار کرنے کی سہولت کا آغاز کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ درآمدات کے متبادل اور برآمدات میں اضافے کے لئے گرین فیلڈ ٹیکنالوجی ایک اور اہم اقدام ہے۔
ایک توجہ دلاو نوٹس کاجواب دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کی وزیر شیری رحمن نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی روک تھام کے لئے قومی لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حالیہ تباہ کن سیلاب کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے عالمی برادری سے ماحولیاتی انصاف کا تقاضا کررہا ہے۔
قومی تحفظ خوراک کے وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی ضلعی انتظامیہ کو گندم کا بیج آئندہ ماہ کی یکم سے پندرہ تاریخ تک فراہم کیا جائے گا جسے وہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں میں تقسیم کریں گے۔ غربت کے خاتمے کی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ حکومت متاثرین سیلاب کی مشکلات کم کرنے کیلئے مناسب سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
ایوان نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی امور چلانے کے قواعد و ضوابط میں ترامیم کی منظوری دی۔ ان ترامیم کے تحت کسی رکن اسمبلی کی فوجداری الزام میں گرفتاری یا اسے حراست میں لینے سے قبل سپیکر کی منظوری لازمی ہوگی اور کسی بھی رکن کو اسمبلی کے احاطے سے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ کسی گرفتار رکن اسمبلی کا پروڈکشن آرڈر بھی لازمی قرار دیا گیا ہے اور سپیکر کو اختیاردیا گیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ لاجز یا اسلام آباد میں کسی بھی مناسب جگہ کو گرفتاررکن کے لئے سب جیل قرار دیں۔
اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ایوان میں اپنے حلقے کی نمائندگی کرنا ہر رکن کا حق ہے۔قومی اسمبلی نے ایک قرار داد منظورکی جس میں پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے بچوں کو ترقی کا محور قرار دیتے ہوئے اور ان کی انفر ادیت کو تسلیم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیاگیا۔قرار داد کی محرک مہناز اکبر عزیز نے بچوں کے حقوق کے بارے میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی گروپ کی تشکیل پر مبارکبادد ی۔