اسلام آباد (جانب منزل نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف دائر توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آج سنانے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے متعلقہ فریقین کو نوٹسسز جاری کردیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ دوپہر 2 بجے سنائے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ کر فول پروف سیکیورٹی طلب کرلی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے کیونکہ فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کارکنان کے جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ سے سفارش کی گئی ہے کہ توشہ خانہ فیصلے کی روشنی میں ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کی عمارت کے ارد گرد سیکیورٹی تعینات کی جائے۔الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے توشہ خانہ سے قیمتی تحائف سستے داموں حاصل کر کے انہیں الیکشن کمیشن سے چھپایا، جس کی بنیاد پر اسپیکر نے اُن سمیت پانچ اراکین کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔