xکراچی (جانب منزل نیوز) نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی فلاحی تنظیم ملالہ فنڈ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 7 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
ملالہ فنڈ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ اپنی طرف سے عطیہ کی گئی ابتدائی ہنگامی امدادی رقم کے علاوہ ملالہ فنڈ نے پاکستان میں امدادی اقدامات کرنے والی تنظیموں کو 7 لاکھ ڈالر تک کا مزید وعدہ کیا ہے۔ یہ ایک ایسی سرمایہ کاری ہے جس میں مقامی پارٹنرز کو براہ راست فنڈنگ فراہم کرنا اور سیلاب ریلیف فنڈ میں شراکت داری دونوں شامل ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اس قدر وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی کہ یقین کرنا مشکل ہے اور مختلف افراد خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں پر مرتب ہونے والے نفسیاتی اور معاشی اثرات ناقابل بیان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ عالمی رہنماؤں کو آگے بڑھنا چاہیے، اپنے جوابی اقدامات کے منصوبوں کو تیز کرنا چاہیے اور پاکستان کی تعمیر نو اور متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے درکار مالی امداد کا سلسلہ تیز کرنا چاہیے۔