سیئول (جانب منزل نیوز) جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ مشقوں کے دوران جنوبی کوریا کا بیلسٹک میزائل گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں گانگنیونگ کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم حکام نے شہریوں سے معافی مانگ لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حریف ملک شمالی کوریا کی جانب سے اشتعال انگیز ہتھیاروں کے تجربات اور بیلسٹک میزائل فائرکرنے کے جواب میں جنوبی کوریا اور امریکا مشترکہ مشقوں میں کئی میزائل لانچ کیے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے 4 ستمبر کو ہومیو 2 بیلسٹک میزائل لانچ کیا تھا لیکن یہ میزائل لانچ ہونے کے فوراً بعد گرکر تباہ ہوگیا تھا۔ جنوبی کوریا کے فوجی حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی لیکن اس کا وار ہیڈ نہیں پھٹا تھا۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گانگنیونگ میں ایئر فورس بیس کے قریب واقع علاقے سے آگ کے شعلے نکل رہے ہیں۔ گانگنیونگ سٹی ہال کی حکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ پریشان مقامی شہریوں نے سٹی ہال کو اطلاع دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہمیں نہیں معلوم تھا کہ یہاں کیا ہورہا ہے کیونکہ ہمیں فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی نوٹس نہیں ملا تھا۔