ابوظہبی (جانب منزل نیوز) متحدہ عرب امارات نے غیرقانونی تارکین وطن کے لیے ایمنسٹی سکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عام معافی یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔ فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی کے عہدیداران نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یکم ستمبر سے دو ماہ کے لیے غیر قانونی تارکین وطن پر کوئی پابندی، جرمانہ، ایگزٹ فیس نہیں۔ وہ لوگ جو بغیر کسی دستاویزات کے پیدا ہوئے تھے وہ بھی اس مدت کے دوران اپنی حیثیت کو درست کر واسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف کوئی پابندی ہوگی اور نہ ہی کوئی جرمانہ عائد کیا جائے گا جو دو ماہ کی عام معافی کی مدت کا فائدہ اٹھائیں گے۔ ایمنسٹی پروگرام تمام قسم کے ویزوں کا احاطہ کرتا ہے وہ سیاحتی ویزے ہوں چاہے معیاد ختم ہونے والے رہائشی ویزے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے بہترین موقع ہے جو متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں یا تو اپنی رہائش کی حیثیت کو باقاعدہ بنائیں یا جرمانے کے بغیر ملک چھوڑ دیں جو لوگ ملک چھوڑنے کا انتخاب کریں گے وہ کسی بھی وقت قانونی طور پرواپس آ سکتے ہیں۔ اس مدت کے دوران زائد قیام جرمانہ یا ایگزٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
2007 کے بعد متحدہ عرب امارات کی حکومت کا یہ چوتھا عام معافی پروگرام ہوگا۔ آخری چھ سال پہلے تھا۔ یہ یکم اگست 2018 کو شروع ہوا تھا، اور اسے 31 اکتوبر 2018 تک صرف 90 دن چلنا تھا، لیکن وفاقی حکومت نے ایمنسٹی اسکیم کو مزید دو ماہ کے لیے 31 دسمبر تک بڑھا دیا تاکہ مزید ریزیڈنسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنی حیثیت کو درست کرنے کی اجازت دی جا سکے۔