دبئی (جانب منزل نیوز)پاکستان بزنس کونسل دبئی کے زیراہتمام پاکستان کے یوم آزادی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو ان پاکستانی کمیونٹی کے لئے شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے لئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز اعجاز احمد نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا اصل فوکس تجارت،ثقافت،سیاحت اور سرمایہ کاری کا فروغ تھا جس کیلئے مجھے پاکستانی بزنس کمیونٹی اور متحدہ عرب امارات کی اتھارٹیز کا بھی تعاون حاصل رہا اورہم نے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں پاکستان یو اے ای مشترکہ بزنس کونسل کا قیام بھی عمل آنے والا ہے۔ پاکستان اور یو اے ای کے چیمبر ز آف کامرس بھی ملکر کام کرنے پر متفق ہیں۔
صدر پاکستان بزنس کونسل محمد اقبال داؤد نے پاکستانی کمیونٹی کیلئے گراں قدر خدمات پر سفیر پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے خصوصی شیلڈ اور تعریفی سند پیش کی۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیر اور بزنس کونسلز کے عہدے داروں،پاسپورٹ قونصلر نعمان اکرم،ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب،پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ڈائریکٹر شبیر مرچنٹ،نفیس احمد،مصطفی الطاف،بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات سی ای او کلب کے چیئرمین ڈاکٹر طارق نظامی،پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام،مخدوم رئیس قریشی،میاں عمر ابراہیم،عقیل وکیل،سید آصف زماں،افتخار علی تتلہ،خرم خواجہ،علی راؤاور پختون بزنس اینڈویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر انجینئر محمد زبیر خاں سمیت بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان بزنس کونسل دبئی کے عہدے داران کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹا۔ پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک شاندار تقریب تھی جس میں سفرا، قونصل جنرلز اور مختلف بزنس کونسلز کے معزز نمائندوں اور پاکستان بزنس کونسل دبئی کے معزز ممبران نے شرکت کی۔تقریب میں سفیر پاکستان کی یو اے ای میں تعیناتی کے دوران کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔ فیصل نیاز ترمذی کی وجہ سے پاکستان اور یواے ای کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے جس پر پاکستانی کمیونٹی ان کی شکر گزار ہے۔پاکستان بزنس کونسل نے تقریب کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام اسپانسرز کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔