کراچی (جانب منزل نیوز) سندھ کے سابق گورنر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ملک کے خراب حالات ناقص طرزِ حکمرانی کی وجہ سے ہیں۔ ملک کو جن سنگین خطرات کا سامنا ہے انکا تقاضا ہے کہ فوج کا احترام کریں۔
وہ کراچی میں خانقاہ بخاریہ میں منعقدہ دعوتِ حلیم سے ٹیلیفون پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے دعوت حلیم کا انتظام کرنے پر میزبان ابا جی سرکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے توسط سے عوام سے براہِ راست خطاب کا موقع ملا۔عشرت العباد نے مزید کہا کہ عوامی مطالبہ رہا ہے کہ میں پاکستان کی سیاست میں اپنا کردار ادا کروں۔ آج ملک کے مسائل بڑھتے چلے جا رہے ہیں، غریب عوام فاقہ کشی اور غربت سے مجبور ہوکر خودکشی کر رہے ہیں۔ ان حالات میں مزید چپ رہنا ممکن نہیں۔ اس لیے میں نے مجبور ہو کے سیاست میں فعال ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق گورنر سندھ نے ملک کے موجودہ اقتصادی و سیاسی مسائل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے، غریب شہری بجلی کے بل اور اسٹریٹ کرائمز کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے میرے دل میں یہ بات ڈالی ہے کہ مجھے اپنے حصہ کا کردار ادا کرنا ہے۔ عوام اس حد تک مایوس ہوچکے ہیں کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ اب پاکستان کا کچھ نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے دشمن اس صورتحال سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔
ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب دشمن طاقتیں کسی ملک کو تباہ کرنا چاہتی ہیں تو اس ملک کی فوج اور عوام میں دوری بڑھا دی جاتی ہے۔ آج کا کھرا سچ یہ ہے کہ فوج بہت مشکل حالات میں اندرونی و بیرونی دشمنوں سے مقابہ کر رہی ہے۔
عشرت العباد نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے لازمی ہے کہ سیاسی و نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر فوج کا احترام کیا جائے تاکہ ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خراب حالات ناقص طرزِ حکمرانی کی وجہ سے ہیں۔
ڈاکٹر عشرت العباد نے عوام میں بڑھتی فرسٹریشن پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا کہ“ہم آ رہے ہیں، ہم پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔”انہوں نے کہا کہ بہت اچھے اور محبِ وطن لوگ میرے ساتھ جڑتے جارہے ہیں۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ میری پہچان پاکستان میرا سلوگن ہے۔“میری پہچان پاکستان”کے حوالے سے پورے پاکستان سے زبردست رسپانس آ رہاہے۔کراچی کے لوگوں کی خدمت کر چکا ہوں کراچی کے عوام اور بزنس کمیونٹی پریشان ہے یہ امر میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے آج پاکستان کی سلامتی کے لیے عوام اور فوج کا تعلق بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔ہم آ کر حکومت کو بھی مسائل کا حل بتائیں گے۔
نوجوانوں کے پوٹینشل کاذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ ملک کے نوجوان ملک کی اصل قوت ہیں ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہم اس اُمید کو مضبوط کریں اور وطن اور افواجِ پاکستان پر یقین رکھیں عشرت العباد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور انداز سے 14 اگست منائیں اور ملک تمام دشمنوں کو اپنے اتحاد اور جوش و ولولہ سے دکھا دیں کہ ہم پاکستانی زندہ قوم ہیں۔
بانی و امیر خانقاہِ بخاریہ 89 حضرت مخدوم شرف الدین علی بخاری دامت برکاتہم العالیہ المعروف ”ابّا جی سرکار“ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ حضرت علامہ اقبال کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے خانقاہوں سے نکل کر رسمِ شبیری ادا کی جائے۔ ابّا جی سرکار نے اس موقعے پر ڈاکٹر عشرت العباد کو اپنے مکمل تعاون کی بھی یقین دھانی کرائی۔اِس موقعے پر بریگیڈیئر (ر) اظہر منظور، کیپٹن غوری اور ممتاز عالم فردوسی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ابّا جی سرکار کے ہزاروں مریدین و عوام کے علاوہ ملک کی مختلف معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔