شارجہ (جانب منزل نیوز)گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے کلچرل کَیپٹل شارجہ کے ایکسپو سینٹر میں رواں سال کے ” شارجہ چلڈرن ریڈِنگ فیسٹول” کے پانچویں روز ہندوستان کا معروف ڈرامہ “اکبر دی گریٹ نہیں رہے” پیش کیا گیا۔
اس ڈرامے کو بزمِ اْردو دبئی نے شارجہ بک اتھارٹی کے تعاون سے پیش کیا جسے مرنال ماتھر نے لکھا ہے۔ اس کے ہدایت کار معروف ڈرامہ نگار، ہدایت کار اور ڈرامہ اداکارڈاکٹر سعید عالم ہیں۔ ڈاکٹر سعید عالم کی ہدایت کاری میں یہ ڈرامہ ہندودستان میں متعدد مرتبہ کھیلا جا چکا ہے۔ اس ڈرامے میں بادشاہ اکبر کا کردار بھی ڈاکٹر سعید عالم ادا کرتے ہیں۔
ڈرامے کی خاص بات یہ رہی کہ یہاں اسے ہندوستان اور پاکستان کے اداکاروں نے پیش کیا۔ پاکستان سے آئے سوشل میڈیا پر جانے مانے فنکار احمد شاہ جنکی عمر 7 سال اور انکے بھائی ابو بکر جنکی عمر 9 سال ہے، نے بادشاہ اکبر اور اسکے بھائی محمد حکیم کے بچپن کا کردار ادا کیا۔ 90 منٹ کے طنز و مزاح کے اس شاہکار ڈرامے کے دوران حاضرین لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔”
شارجہ چلڈرن ریڈِنگ فیسٹول” جو کہ ہر برس 10 دن کا ادبی اور ثقافتی میلہ ہوتا ہے، 14 مئی تک جاری رہے گا۔ بزم اردو دبئی کی طرف سے ترنم احمد نے پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے حاضرین کا استقبال کیا اور شارجہ چلڈرن ریڈِنگ فیسٹول، شارجہ بْک اتھارٹی اور دیگر اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔آغاز میں ماسٹر حْذیفہ، جنکی عمر 8 سال ہے،ان کی کتاب کا اجرا بھی عمل میں آیا۔
اس موقع پر بزم اردو دبئی کے صدر شکیل احمد خاں،” انداز بیاں اور” کے ریحان صدیقی اورشازیہ قدوائی، ماسٹر حذیفہ کی والدہ عائشہ شیخ عاشی، جو بزم اردو دبئی کی اہم رکن ہیں، اسٹیج پر موجود رہے۔ ڈرامے کی اس پیشکش کی تیاری میں بزم اردو دبئی کے ارکان احیاء بھوجپوری، صائمہ نقوی، ثروت زہرا زیدی،فرزانہ منصور، کنور سلیم احمد، شیراز اور جنرل سکریٹری ریحان خان نے کلیدی کردار ادا کیے۔