اسلام آباد (جانب منزل نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے،دونوں ممالک کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا سے گفتگو کرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں فنانس ڈویژن میں ان سے ملاقات کی۔
وائس چیئرمین ٹویوٹا کمپنی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فنانس طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سفیر کو موجودہ حکومت کے معاشی چیلنجز اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سفیر کو معیشت کو ترقی اور استحکام کی طرف لے جانے کے لیے حکومت کی جانب سے نافذ کی جانے والی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان خوشگوار تعلقات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان میں جاپان کی سرمایہ کاری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے متعدد شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر مزید روشنی ڈالی اور پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کے سرمایہ کاری کے منصوبوں کا خیرمقدم کیا۔
جاپان کے سفیر مسٹر واڈا مٹسوہیرو نے حکومت کی جانب سے عملی پالیسیوں اور اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان کاروباری، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے سفیر سے اظہار تشکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔