دبئی (جانب منزل نیوز) چینی حکومت نے گلگت بلتستان سے چیری کی درآمد کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ڈائریکٹراور ہیمانی گروپ کے چیئرمین مصطفی ہیمانی نے چین کی جانب سے پاکستانی چیری کو امپورٹ کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی جانب سے لکھے گئے خط میں چینی حکومت نے حکومت پاکستان سے تازہ چیری کی بروقت درآمد کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور وسائل کی تعیناتی کی درخواست کی۔ سفارت خانے نے پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی کی وزارت سے چیری کے باغات کے ورچوئل معائنہ اور کولڈ ٹریٹمنٹ کی سہولیات کے انتظامات کرنے کی درخواست کی۔
مصطفی ہیمانی کا کہنا ہے کہ چیری ایک موسمی پھل ہے جس کی زندگی محدود ہے گلگت بلتستان کے نشیبی علاقوں میں اگائی جاتی ہے۔ اس کی کچھ اقسام سیاہ، سرخ اور فرانسیسی چیری ہیں۔ یہ جی بی میں سینکڑوں خاندانوں کے لیے نقد رقم کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیری نے حال ہی میں گلگت بلتستان کے تاجروں کی توجہ حاصل کی ہے اور اسے پاکستان میں باقی ملک میں سپلائی کرکے کاروبار کے طور پر شروع کیا گیا ہے کیونکہ بڑے شہروں میں چیری کا ریٹ گلگت بلتستان سے زیادہ ہے لیکن چینی مارکیٹ سے کم ہے۔