دبئی (جانب منزل نیوز ) پی او سی گلوبل کے انفارمیشن سیکرٹری وقاص گھمن کو گزشتہ دنوں پاکستان میں ایک بڑا صدمہ برداشت کرنا پڑا جس میں ان کی فیملی کے تین افراد ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے-
دورہ پاکستان کے دوران وقاص گھمن اپنی گاڑی پر فیملی کے ہمراہ راولپنڈی سے سیالکوٹ واپس آ رہے تھے کہ انہیں سوہاوہ کے قریب ہائی وے پر حادثہ پیش آ گیا- ان کی گاڑی ایک بڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جسے وہ خود چلا رہے تھے- گاڑی میں سوار ان کی اہلیہ، ہمشیرہ اور جوان سال بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ وقاص گھمن بھی شدید زخمی ہوگئے ۔
پاکستان میں علاج کے بعد وہ دبئی واپس پہنچنے پر وقاص گھمن سے اظہار تعزیت اور مرحومین کی دعائے مغفرت کے لئے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں تعزیتی اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں سہیل عامر گھمن، طاہر منیر طاہر، محمد جمیل بنگیال،عبدالمجید مغل، عمر بلوچ، امجد قاسمی، ارشد انجم، چودھری ظہیر گجر،عرفان اقبال طور، عبدالرزاق گجر ،راجہ محمد نصیر، اسلم سرگانی ،حاجی فضل حسین ،چوہدری محسن ،مسلم لیگ ن یو اے ای کے صدر غلام مصطفیٰ مغل ،اوورسیز کمیونٹی گلوبل یو اے ای کے چئرمین سلیم اختر اور دیگر پاکستانی کمیونٹی کے احباب نے شرکت کی-
پاکستان مسلم لیگ ن یو اے ای کے نائب صدر محمد شہزاد بٹ اور میاں غلام محی الدین نے وقاص گھمن کی رہائش گاہ پر جا کر تعزیت کی- اس موقع پر وقاص گھمن کے دوست و احباب، پارٹی کارکنوں اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے ان سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی-