دبئی (جانب منزل نیوز)
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کے والد اسحاق ڈار نے آج تک جو بھی ذمہ داری سنبھالی اُس میں انتھک محنت اور نیک نیتی کی بدولت ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی خاص مدد آئی اور الحمدللہ وہ کامیاب ہوئے۔
علی ڈار نے کہا چاہے وہ ایٹمی دھماکوں کے بعد بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہو یا 2013 سے 2017 کے دوران پاکستانی معیشت کو بے مثال عروج پر لے جانا ہو جس کی گواہی پوری دنیا نے دی۔ اس دور میں انہوں نے ملکی تاریخ میں پہلی بار IMF پروگرام مکمل کیا، GDP گروتھ ریٹ %5.8 لے کر گئے، ٹیکس آمدن دوگنی کی، مہنگائی کی شرح انٹرسٹ ریٹ اور ایکسپورٹ ریفائنینس ریٹ کو دہائیوں میں کم ترین سطح پر لے کر آئے۔
علی ڈار کا کہنا تھا اسحاق ڈار پاکستان کو FATF کی بلیک لسٹ سے پہلے گرے میں اور پھر وائٹ میں لائے۔ پاکستانی اسٹاک ایکسچینج کو ایشیا کا نمبر 1 اور دنیا کا نمبر 5 بہترین پرفارمنس والا ایکسچینج بنا ڈالا۔ علی ڈار نے لکھا کہ سایق وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں محصول چونگی و ضلع ٹیکس کے نام پر غنڈہ ٹیکس ختم کرنا، بیواؤں کے قرضے معاف کرنا، VVIP گاڑیوں کی ٹیکس فری امپورٹ پر پابندی لگانے کا سہرا بھی الحمدللہ اسحاق ڈار صاحب ہی کے سر جاتا ہے۔
اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اللہ تعالیٰ ڈار صاحب کی محنت کا پھل وطنِ عزیز کو ضرور دیں گے۔ عمران خان کی 4 سال معاشی تباہی کو ریورس کرنے میں تھوڑا وقت ضرور درکار ہے مگر کامیابی اس قوم کا مقدر ہے ان شاءاللہ۔ ڈار صاحب کی روزانہ کی بنیاد پر 20-20 گھنٹے کی محنت کا انعام اللہ رب العزت ہمیں ضرور دیں گے۔