نئی دہلی (جانب منزل نیوز)بھارت نے کل صبح 10بجے (متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے) بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی اپنے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر تھرمل اسکریننگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کورونا کے کیسز میں عالمی سطح پر اضافے کے خدشات کے پیش نظر بھارت بھی کسی ترتیب کے بغیر تمام بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے مسافروں میں سے دو فیصد کا کورونا وائرس کاٹیسٹ کرے گا۔
اس بات کا اعلان بھارت کے وزیر صحت و خاندانی بہبود منسکھ منڈاویہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ملک میں کورونا کی صورتحال کے جائزہ اجلاس کے بعد کیا۔
اجلاس کے بعد جاری باضابطہ بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں صحت کے بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس تیاریوں، ملک میں ویکسینیشن مہم کی صورتحال، کوروناکی نئی اشکال کے ابھرنے اور ملک کے لیے صحت عامہ کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔اعلی سطح کا جائزہ اجلاس کچھ ممالک میں کورونا کیسز میں اضافے کے پس منظر میں ہوا ہے۔
دریں اثنا، بھارت کے سب سے بڑے سیاحتی مقامات میں سے ایک، تاج محل میں داخلے کے لیے سیاحوں کے لیے آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ پیش کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
گزشتہ چھ ہفتوں میں عالمی سطح پر روزانہ اوسطاً 5لاکھ 90ہزار کیسز میں اضافہ بھارت کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ آنے والے کرسمس تہوار اور نئے سال کے دوران انفیکشن میں اضافے پر بھی تشویش ہے۔