اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے انھیں 13 دسمبر تک عدالت میں سرنڈر کرنے کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے سماعت کے دوران کہا کہ سلیمان شہباز اکتوبر 2018 سے بیرون ملک ہیں اس کے بعد ایف آئی آر ہوئی جس پر عدالت نے کہا کہ پٹیشنر کی عدم موجودگی میں حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
درخواست گزار کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ 11 دسمبر کو سلیمان شہباز پاکستان واپس آئیں گے، استدعا ہے کہ ائیرپورٹ سے عدالت آنے تک حکام کو سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا جائے۔
اس موقع پر وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے سلیمان شہباز کا ائیر ٹکٹ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سلیمان شہباز کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انھیں وطن واپسی پر ائیرپورٹ پر گرفتار کرنے سے روک دیا اور سلیمان شہباز کو 13 دسمبر تک عدالت میں سرینڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے۔