شارجہ (جانب منزل نیوز)متحدہ عرب امارات کے 51 ویں قومی دن کے موقع پر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی شیخ عبدالعزیز جمال القاسمی اورمہمان اعزازی کے طور پر ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے شرکت کی۔ صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ چودھری خالد حسین کی جانب سے امارات کی تمام ریاستوں کے حکمرانوںاور شہریوں کو مبارکباد پیش کی گئی ۔
قاری شکیل العزری نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔ سٹیج سیکرٹری پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کی کلچرل ہیڈ صائمہ نقوی تھیں۔ سوشل سنٹر شارجہ کے بورڈ آف ڈائریکٹر فراز احمد صدیقی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پامیر سکول شارجہ اور پاکستان ایجوکیش اکیڈمی کے طلبہ کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔ یواے ای کے قومی نغموں پر بچوں نے شرکا سے خود داد وصول کی۔ چودھری خالد حسین اور گیان چند نے مہمان خصوصی شیخ عبدالعزیز جمال القاسمی کو تحفہ دیا۔
سوشل سنٹر شارجہ کی طرف سے آرٹ مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ تمام ریاستوں سے 200 کے قریب بچوں نے مقابلے میں حصہ لیا۔ جج کے فرائض ایم سلیم نے انجام دیے۔ مقابلے میں جیتنے والوں کو اسناد دی گئیں۔ یواے ای کی 51 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ڈپٹی قونصل جنرل گیان چند نے کہا کہ یواے ای ہمارا دوسرا گھر ہے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے اس دوسرے گھر کو سجانے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
صدر سوشل سنٹر شارجہ چودھری خالد حسین نے کہا کہ پاکستان سوشل سنٹر شارجہ ہمیشہ سے اپنے لوگوں کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پیشکش کی کہ جو سینٹر کا ممبر بننا چاہتا ہے اب اسے یکمشت ممبر شپ فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ قسطوں میں بھی ادا کی جا سکتی ہے۔ تقریب میں شریک افراد میں زبیر خان ، خلیل بونیر، عرفان افسر، راجہ سرفراز، عارف منہاس ، شیر افگن ، حافظ عبدالرو¿ف ، عمر بلوچ ، طارق، ملک اسلم ، سید سلیم ، حماد چودھری، ظہیر گجر، احیاءالاسلام ، مظاہر حسین ، شہباز خانم ، ثروت زہرہ زیدی، سطوت ، نور الصباح اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔