اسلام آباد(جانب منزل نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ کسی صورت بھی سیاسی نہیں ہونا چاہیے، یہ ادارے کو نقصان پہنچائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم پاک آرمی میں پروموشن کے نظام پر مضبوط یقین رکھتے ہیں، تمام تھری اسٹار جنرلز برابر ہیں اور آرمی کی سربراہی کے مکمل اہل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ کسی صورت بھی سیاسی نہیں ہونا چاہئیے، یہ ادارے کو نقصان پہنچائے گا، آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وزیراعظم کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا تھا کہ آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے صدر مملکت جو بھی قدم اٹھائیں گے اسے پارٹی چیئرمین عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ آج ہی کے دن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی تھی، حکومتی ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نئے آرمی چیف کی تقرری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور وزیر خزانہ نے صدر کو اہم تقرری پر اعتماد میں لیا۔