لاہور (جانب منزل نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان نے مطالبہ کیا ہے مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے۔ آرمی چیف سے لاہور میں ملاقات نہیں ہوئی ۔صدر ڈاکٹر عارف علوی ملے ہیں۔ حکومت فوج کو بھی پنجاب پولیس بنانا چاہتی ہے۔
لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم اپنے فیصلے کے لیے کر رہی ہے۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کرکے یہ مسلح افواج کو پنجاب پولیس کے برابر لانا چاہتے ہیں لیکن آرمی ایکٹ میں ہونے والی مجوزہ ترمیم اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف وہ آرمی چیف لگانا چاہتا ہے جو مجھے نااہل کرے، مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرح ہونی چاہیے۔ کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے میری لاہور میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی تاہم صدر مملکت عارف علوی کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کل اعلان کریں گے کہ کس روز راولپنڈی جانا ہے، راوالپنڈی سے لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا۔ میرے معالجین کل میرا معائنہ کرکے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے، صحافی ارشد شریف کے معاملے پر ان کا کیا گیا ظلم سب کے سامنے ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں انھوں نے مجھے خود عدالت میں جانے کاموقع دیا ہے۔ برطانیہ اور امریکا کی عدالتوں میں ٹی وی چینل کے خلاف مقدمہ دائر کروں گا۔نیب کو میں نہیں کچھ طاقت ور ادارے کنٹرول کرتے رہے۔
عمران خان نے کہا کہ وزیرآباد واقعے کے مرکزی ملزم کو 14 دن بعد عدالت پیش کیا گیا۔ مجھے خدشہ ہے کہ ان 14 روز میں شواہد ضائع نہ کردیے گئے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) ہمارے اتحادی ہے، پرویز الہٰی کے ساتھ بہترین اتحاد چل رہا ہے، مقدمے کے اندراج میں سب سے بڑی رکاوٹ سابق آئی جی پنجاب تھے۔
انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کے معاملے پر نواز شریف، آصف زرداری، الیکشن کمیشن اور ہینڈلرز ایک پیج پر تھے۔ مکمل اختیارات ملیں گے تو وزیراعظم بنوں گا، یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ اختیارات کسی کے پاس ہوں اور ذمہ داری کسی اور کے پاس ہو۔
توشہ خانہ کیس پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ توشہ خانہ سے آصف زرداری اور نواز شریف نے غیرقانونی طور پر گاڑیاں لیں، توشہ خانہ سے خریدنے کے بعد کوئی چیز بیچے یا رکھے اس کی صوابدید ہے۔