واشنگٹن (جانب منزل نیوز) امریکا نے ایک بار پھر زور دے کر کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کی حکومت کے خاتمے میں واشنگٹن کے کردار کے الزامات میں کبھی کوئی صداقت اور سچائی نہیں تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے بدھ کے روز پریس بریفنگ کے دوران اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کو پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات سے بظاہر پیچھے ہٹنے والے نئے مؤقف سے متعلق سوال پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بارے میں میرے پاس کہنے کے لیے کچھ نیا نہیں ۔ میں صرف اتنا کہوں گا جیسا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے کہ ایسا نہیں ہے، ان الزامات میں کوئی سچائی اور صداقت نہیں ہے۔