دبئی (جانب منزل نیوز)ایکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہونے والے اکتالسویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے آخری روز 13 نومبر کی شام بزم اردو دبئی نے اپنے سالانہ جلسہ کی تقریب ، محفل اردو 2022 ، کا اہتمام کیا۔یہ محفل دو حصوں پر مشتمل تھی ۔
پہلے حصے میں مرحوم مظہر امید کے افسانوں کے مجموعہ، “سات رنگ سات سُرِ” کا اجرا عمل میں آیا ۔ مظہر امید صاحب کے فن اور شخصیت پر بات کرنے کے لئے انکے صاحبزادے رفیع ہمایوں اور اردو ادب کی معروف شخصیت ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی موجود رہے۔
بالی وُڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے کتاب کا کچھ حصہ پڑھ کر سنا یا۔ اس کتاب کی ترتیب و تدوین بزم اردو دبئی کے زیرِ اہتمام عمل میں آئی ہے۔بزم اردو نے کتابوں کی اشاعت کا یہ ایک نیا سلسلہ “گوشہ ءِ کُتُب ” کے عنوان سے شروع کیا ہے۔
مظہر امید صاحب ایک افسانہ نگار، شاعر، کالم نگار اور مترجم اور تعلیم کی ترویج و ترقی کے لئے کارفرما سماجی کارکن کی حثیت سےمعروف ہیں۔ محفل کے اس حصہ کی نظامت شاداب الفتؔ نے سر انجام دی۔ محفل کے دوسرے حصے میں بزم اردو کے سالانہ مجلے کا اجرا ہوا، اسکے بعد بزم اردو کے سالانہ ایوارڈز پیش کئے گئے۔
جوش اردو ایوارڈ معروف شاعر ظفر اقبال ، علمدار اردو ایوارڈ ظہور الاسلام جاویدؔ اور پاسبانِ اردو ایوارڈ دِنیش کوٹھاری کو پیش کیا گیا۔ اس حصے میں مشہور کرکٹ کھلاڑی شعیب اختر کو مدعو کیا گیاتھا۔
پروگرام میں معروف داستان گو سید ساحل آغا نے داستان شعیب اختر پیش کی۔ شعیب اخترسامعین سے روبہ رو ہوئے۔ بزم اردو کی رکن ترنم احمداس روبہ رو میں ان کے ساتھ تھیں اور ان سے دلچسپ سوالات کئے۔محفل کے اس حصہ کی نظامت فرزانہ منثور نے کی۔
اس تقریب کے اہتمام میں بزم اردو دبئی کے جو اراکین نے پیش پیش رہے ان میں، صدر شکیل احمد خاں، جنریل سکریٹری ریحان احمدخاں، تابش زیدی، احیا بھوجپوری،ثروت زہرا زیدی ، کنور محمد سلیم ، محمد شیراز ، رملہ سید،فرزانہ منثور، سیدسروش،عارف صدیقی،سرور نیپالی ، شاداب الفت شامل ہیں۔